(26) اور رات کو بڑی رات تک سجدے کرو اور اس کی پاکی بیان کرتے رہو
(27) یہ لوگ دنیا کو دوست رکھتے ہیں اور (قیامت کے) بھاری دن کو پس پشت چھوڑے دیتے ہیں
(28) ہم نے ان کو پیدا کیا اور ان کے مقابل کو مضبوط بنایا۔ اور اگر ہم چاہیں تو ان کے بدلے ان ہی کی طرح اور لوگ لے آئیں
(29) یہ تو نصیحت ہے۔ جو چاہے اپنے پروردگار کی طرف پہنچنے کا رستہ اختیار کرے
(30) اور تم کچھ بھی نہیں چاہ سکتے مگر جو خدا کو منظور ہو۔ بےشک خدا جاننے والا حکمت والا ہے
(31) جس کو چاہتا ہے اپنی رحمت میں داخل کرلیتا ہے اور ظالموں کے لئے اس نے دکھ دینے والا عذاب تیار کر رکھا ہے
المرسلات Al-Mursalaat
(1) ہواؤں کی قسم جو نرم نرم چلتی ہیں
(2) پھر زور پکڑ کر جھکڑ ہو جاتی ہیں
(3) اور (بادلوں کو) پھاڑ کر پھیلا دیتی ہیں
(4) پھر ان کو پھاڑ کر جدا جدا کر دیتی ہیں
(5) پھر فرشتوں کی قسم جو وحی لاتے ہیں
(6) تاکہ عذر (رفع) کردیا جائے یا ڈر سنا دیا جائے
(7) کہ جس بات کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے وہ ہو کر رہے گی
(8) جب تاروں کی چمک جاتی رہے
(9) اور جب آسمان پھٹ جائے
(10) اور جب پہاڑ اُڑے اُڑے پھریں
(11) اور جب پیغمبر فراہم کئے جائیں
(12) بھلا (ان امور میں) تاخیر کس دن کے لئے کی گئی؟
(13) فیصلے کے دن کے لئے
(14) اور تمہیں کیا خبر کہ فیصلے کا دن کیا ہے؟
(15) اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے
(16) کیا ہم نے پہلے لوگوں کو ہلاک نہیں کر ڈالا
(17) پھر ان پچھلوں کو بھی ان کے پیچھے بھیج دیتے ہیں
(18) ہم گنہگاروں کے ساتھ ایسا ہی کیا کرتے ہیں
(19) اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے