(8) ان کا صلہ ان کے پروردگار کے ہاں ہمیشہ رہنے کے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں ابدالاباد ان میں رہیں گے۔ خدا ان سے خوش اور وہ اس سے خوش۔ یہ (صلہ) اس کے لیے ہے جو اپنے پروردگار سے ڈرتا رہا
الزلزلة Az-Zalzala
(1) جب زمین بھونچال سے ہلا دی جائے گی
(2) اور زمین اپنے (اندر) کے بوجھ نکال ڈالے گی
(3) اور انسان کہے گا کہ اس کو کیا ہوا ہے؟
(4) اس روز وہ اپنے حالات بیان کردے گی
(5) کیونکہ تمہارے پروردگار نے اس کو حکم بھیجا (ہوگا)
(6) اس دن لوگ گروہ گروہ ہو کر آئیں گے تاکہ ان کو ان کے اعمال دکھا دیئے جائیں
(7) تو جس نے ذرہ بھر نیکی کی ہو گی وہ اس کو دیکھ لے گا
(8) اور جس نے ذرہ بھر برائی کی ہوگی وہ اسے دیکھ لے گا
العاديات Al-Aadiyaat
(1) ان سرپٹ دوڑنے والے گھوڑوں کی قسم جو ہانپ اٹھتےہیں
(2) پھر (پتھروں پر نعل) مار کر آگ نکالتے ہیں
(3) پھر صبح کو چھاپہ مارتے ہیں
(4) پھر اس میں گرد اٹھاتے ہیں
(5) پھر اس وقت دشمن کی فوج میں جا گھستے ہیں
(6) کہ انسان اپنے پروردگار کا احسان ناشناس (اور ناشکرا) ہے
(7) اور وہ اس سے آگاہ بھی ہے
(8) وہ تو مال سے سخت محبت کرنے والا ہے
(9) کیا وہ اس وقت کو نہیں جانتا کہ جو (مردے) قبروں میں ہیں وہ باہر نکال لیے جائیں گے