(77) کہ یہ بڑے رتبے کا قرآن ہے
(78) (جو) کتاب محفوظ میں (لکھا ہوا ہے)
(79) اس کو وہی ہاتھ لگاتے ہیں جو پاک ہیں
(80) پروردگار عالم کی طرف سے اُتارا گیا ہے
(81) کیا تم اس کلام سے انکار کرتے ہو؟
(82) اور اپنا وظیفہ یہ بناتے ہو کہ (اسے) جھٹلاتے ہو
(83) بھلا جب روح گلے میں آ پہنچتی ہے
(84) اور تم اس وقت کی (حالت کو) دیکھا کرتے ہو
(85) اور ہم اس (مرنے والے) سے تم سے بھی زیادہ نزدیک ہوتے ہیں لیکن تم کو نظر نہیں آتے
(86) پس اگر تم کسی کے بس میں نہیں ہو
(87) تو اگر سچے ہو تو روح کو پھیر کیوں نہیں لیتے؟
(88) پھر اگر وہ (خدا کے) مقربوں میں سے ہے
(89) تو (اس کے لئے) آرام اور خوشبودار پھول اور نعمت کے باغ ہیں
(90) اور اگر وہ دائیں ہاتھ والوں میں سے ہے
(91) تو (کہا جائے گا کہ) تجھ پر داہنے ہاتھ والوں کی طرف سے سلام
(92) اور اگر وہ جھٹلانے والے گمراہوں میں سے ہے
(93) تو (اس کے لئے) کھولتے پانی کی ضیافت ہے
(94) اور جہنم میں داخل کیا جانا
(95) یہ (داخل کیا جانا یقیناً صحیح یعنی) حق الیقین ہے
(96) تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرتے رہو
الحديد Al-Hadid
(1) جو مخلوق آسمانوں اور زمین میں ہے خدا کی تسبیح کرتی ہے۔ اور وہ غالب (اور) حکمت والا ہے
(2) آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اسی کی ہے۔ (وہی) زندہ کرتا اور مارتا ہے۔ اور وہ ہر چیز پر قادر ہے
(3) وہ (سب سے) پہلا اور (سب سے) پچھلا اور (اپنی قدرتوں سے سب پر) ظاہر اور (اپنی ذات سے) پوشیدہ ہے اور وہ تمام چیزوں کو جانتا ہے