الكافرون Al-Kaafiroon
(1) (اے پیغمبر ان منکران اسلام سے) کہہ دو کہ اے کافرو!
(2) جن (بتوں) کو تم پوچتے ہو ان کو میں نہیں پوجتا
(3) اور جس (خدا) کی میں عبادت کرتا ہوں اس کی تم عبادت نہیں کرتے
(4) اور (میں پھر کہتا ہوں کہ) جن کی تم پرستش کرتے ہوں ان کی میں پرستش کرنے والا نہیں ہوں
(5) اور نہ تم اس کی بندگی کرنے والے (معلوم ہوتے) ہو جس کی میں بندگی کرتا ہوں
(6) تم اپنے دین پر میں اپنے دین پر
النصر An-Nasr
(1) جب خدا کی مدد آ پہنچی اور فتح (حاصل ہو گئی)
(2) اور تم نے دیکھ لیا کہ لوگ غول کے غول خدا کے دین میں داخل ہو رہے ہیں
(3) تو اپنے پروردگار کی تعریف کے ساتھ تسبیح کرو اور اس سے مغفرت مانگو، بے شک وہ معاف کرنے والا ہے
المسد Al-Masad
(1) ابولہب کے ہاتھ ٹوٹیں اور وہ ہلاک ہو
(2) نہ تو اس کا مال ہی اس کے کچھ کام آیا اور نہ وہ جو اس نے کمایا
(3) وہ جلد بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہو گا
(4) اور اس کی جورو بھی جو ایندھن سر پر اٹھائے پھرتی ہے
(5) اس کے گلے میں مونج کی رسّی ہو گی