(35) سو آج اس کا بھی یہاں کوئی دوستدار نہیں
(36) اور نہ پیپ کے سوا (اس کے لئے) کھانا ہے
(37) جس کو گنہگاروں کے سوا کوئی نہیں کھائے گا
(38) تو ہم کو ان چیزوں کی قسم جو تم کو نظر آتی ہیں
(39) اور ان کی جو نظر میں نہیں آتیں
(40) کہ یہ (قرآن) فرشتہٴ عالی مقام کی زبان کا پیغام ہے
(41) اور یہ کسی شاعر کا کلام نہیں۔ مگر تم لوگ بہت ہی کم ایمان لاتے ہو
(42) اور نہ کسی کاہن کے مزخرفات ہیں۔ لیکن تم لوگ بہت ہی کم فکر کرتے ہو
(43) یہ تو) پروردگار عالم کا اُتارا (ہوا) ہے
(44) اگر یہ پیغمبر ہماری نسبت کوئی بات جھوٹ بنا لاتے
(45) تو ہم ان کا داہنا ہاتھ پکڑ لیتے
(46) پھر ان کی رگ گردن کاٹ ڈالتے
(47) پھر تم میں سے کوئی (ہمیں) اس سے روکنے والا نہ ہوتا
(48) اور یہ (کتاب) تو پرہیزگاروں کے لئے نصیحت ہے
(49) اور ہم جانتے ہیں کہ تم میں سے بعض اس کو جھٹلانے والے ہیں
(50) نیز یہ کافروں کے لئے (موجب) حسرت ہے
(51) اور کچھ شک نہیں کہ یہ برحق قابل یقین ہے
(52) سو تم اپنے پروردگار عزوجل کے نام کی تنزیہ کرتے رہو
المعارج Al-Ma'aarij
(1) ایک طلب کرنے والے نے عذاب طلب کیا جو نازل ہو کر رہے گا
(2) (یعنی) کافروں پر (اور) کوئی اس کو ٹال نہ سکے گا
(3) (اور وہ) خدائے صاحب درجات کی طرف سے (نازل ہوگا)
(4) جس کی طرف روح (الامین) اور فرشتے پڑھتے ہیں (اور) اس روز (نازل ہوگا) جس کا اندازہ پچاس ہزار برس کا ہوگا
(5) (تو تم کافروں کی باتوں کو) قوت کے ساتھ برداشت کرتے رہو
(6) وہ ان لوگوں کی نگاہ میں دور ہے
(7) اور ہماری نظر میں نزدیک
(8) جس دن آسمان ایسا ہو جائے گا جیسے پگھلا ہوا تانبا
(9) اور پہاڑ (ایسے) جیسے (دھنکی ہوئی) رنگین اون
(10) اور کوئی دوست کسی دوست کا پرسان نہ ہوگا